حضرت الیاس علیہ الصلٰوۃ والسلام اللہ عزوجل کے پیارے رسول ہیں اور آپ حضرت ہارون علیہ السلام کی اولادِ پاک میں سے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ نے آپ علیہ الصلٰوۃ والسلام کو بہت سے معجزات عطا فرمائے ، آپ کو ستر انبیاء کرام علیہم السلام کی طاقت بخشی ، غضب و جلال اور قوت میں آپ کو حضرت موسیٰ علیہ الصلٰوۃ والسلام کا ہم پلّہ بنایا ۔ ( سیرت الانبیاء ، صفحہ نمبر 723, عجائب القرآن مع غرائب القران ، صفحہ 297)

قرآن مجید فرقان حمید میں آپ کا تذکرہ مبارک موجود ہے آپ کو بہت سے مبارک اوصاف سے نوازا گیا آئیے قرآن مجید کی روشنی میں آپ کے اوصافِ مبارکہ کا تذکرہ جانتے ہیں :

1: کامل الایمان بندوں میں سے : اِنَّهٗ مِنْ عِبَادِنَا الْمُؤْمِنِیْنَ ترجمہ کنز الایمان : بے شک وہ ہمارے اعلیٰ درجہ کے کامل الایمان بندوں میں سے ہے۔ ( پارہ 23 ، سورہ صفت ، آیت نمبر 132)

2: رسولوں میں سے : وَ اِنَّ اِلْیَاسَ لَمِنَ الْمُرْسَلِیْنَ ترجمۂ کنز الایمان : اور بے شک الیاس پیغمبروں سے ہے۔ ( پارہ 23 ، سورہ صفت ، آیت نمبر 123)

3: قیامت تک آپ کی تعریف ہوتی رہے گی : وَ تَرَكْنَا عَلَیْهِ فِی الْاٰخِرِیْنَ ترجمہ کنزالایمان: اور ہم نے پچھلوں میں اس کی ثنا باقی رکھی۔ ( پارہ 23, سورہ صفت ، آیت نمبر 129)

4: سلامتی والے نبی : سَلٰمٌ عَلٰۤى اِلْ یَاسِیْنَ ترجمہ کنزالایمان: سلام ہو الیاس پر۔ ( پارہ 23 سورہ صفت ، آیت نمبر 130)

پارہ 23 سورہ صفت آیت نمبر 129 سے 132 تک آپ کے اوصاف اور انعامات رب تعالیٰ نے ذکر فرمائے ۔ بلخصوص فرمایا کہ آپ کی نیکیوں پر ہم ایسے ہی جزا دیتے ہیں ، آپ کا ذکر خیر قیامت تک ہوتا رہے گا لوگ آپ کی تعریف کرتے رہے گے ۔ معلوم ہوا کہ نیک بندوں کا چرچہ رب تعالیٰ فرماتا ہے ، ان کی اداؤں کا ذکر کرتا ہے ان کی نیکیاں قبول فرماتا ہے ۔ ہمیں بھی چاہیے کہ علم دین حاصل کرتے ہوئے خوب نیک اعمال بجا لائیں، اس کی نعمتوں کا چرچہ کرتے رہیں اور خوب عبادت کریں ۔ ( سیرت الانبیاء ، صفحہ نمبر 722 سے 724)

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ محبوب آقا کریم خاتم النبیین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کے صدقے وسیلہ سے ہماری بھی نیکیاں قبول فرمائے اور ہمیں استقامت عطا فرمائے آمین بجاہ خاتم النبیین صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم

یہ مضمون نئے لکھاری کا ہے ،حوالہ جات کی تفتیش و تصحیح کی ذمہ داری مؤلف کی ہے، ادارہ اس کا ذمہ دار نہیں۔