17 دسمبر 2022ء بمطابق 23جمادی الاولیٰ 1444ھ بروز ہفتہ بعد نماز عشاء دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں ہفتہ وار مدنی مذاکرے کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کراچی کے عاشقان رسول نے فیضان مدینہ آکر جبکہ دیگر مقامات پر ہزاروں عاشقان رسول بذریعہ مدنی چینل شریک ہوئے۔

مدنی مذاکرے میں شیخ طریقت، امیر اہلِ سنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے عاشقان رسول کی جانب سے کئے گئے سوالات کے علم و حکمت سے بھر پور جوابات دیئے اور مسلمانوں کی دینی و معاشرتی رہنمائی کے لئے مدنی پھول ارشاد فرمائے۔

مدنی مذاکرے کے چند مدنی پھول ملاحظہ کیجئے:

سوال:بعض اوقات کسی کو معاف کردینے کے بعد بھی دل اس کی طر ف مائل نہیں ہوتا ،اس صورت میں کیا کیا جائے؟

جواب: دوستی تو اللہ پاک کوراضی کرنے کے لیے کی جاتی ہے، ایسے دوست کو معاف کرنے کے باوجود دل میں نفرت باقی رہ جاتی ہوتو اسے دورکرنے کی کوشش کی جائے ،یہ نفرت اچھی نہیں ،اس کی وجہ سے بھی کئی خرابیاں پیداہوتی ہیں،اپنے دوست کی دینی خصوصیات کو یادکیا جائے ،کوشش کرنے سے بھی کامیابی ہوجاتی ہے۔

سوال: صبرکی توفیق کے ساتھ مصیبت کی دعاکرنا کیسا؟

جواب: ایسی دعانہیں کرنی چاہیے کہ اگرمصیبت کے ساتھ صبرکی توفیق بھی مل گئی تو تکلیف تو ہوگی، حدیث پاک میں صبر کے بجائے عافیت کی دعامانگنے کی ترغیب دلائی گئی ہے۔

سوال:ضمیرکسے کہتے ہیں؟

جواب: بندے کے اندرکی ایک کیفیت کا نام ہے جو درست رہنمائی کرتی ہے ۔

سوال: باطنی بیماریوں کا علاج کیسےکیا جائے؟

جواب:باطنی بیماریوں کا تعلق دل سے ہوتاہے جیسے ریا،حسد،کینہ وغیرہ، باطنی بیماریوں کی معلومات ہونی چاہئیں،ان کے عذابات پڑھے جائیں،ان سے بچنے کے فضائل کا مطالعہ کیا جائے تو ان سے بچنے کا ذہن بن سکتاہے،اس کے بچنے کے اسباب بھی اختیارکیے جائیں ،اس نیک بندے کی صحبت اختیارکی جائے جوان کی معلومات بھی رکھتاہو اوران سے بچنےکی بھی کوشش کرتاہو،ایسے کی صحبت ہزارکتابوں کے مطالعہ سے زیادہ فائدہ دے گی،دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ ہوجائیں گے تو باطنی بیماریوں کے علاج میں آسانی ہوگی ۔اِن شاۤء اللہُ الکریم

سوال: تنہائی میں ڈرلگتاہو تو کیا کریں؟

جواب:یَارَءُوْفُ یَارَءُوْفُ پڑھتے رہنے سے خوف دورہوگا؟

سوال: اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان رحمۃ اللہ علیہ کادربارکہاں ہے؟

جواب: بریلی شریف(ہند) میں ہے۔

سوال: کیا نیک خیالات اورنیک دوستیاں کام آتی ہیں؟

جواب: جی ہاں! اگربندے کے خیالات اچھے ہوں توخواب بھی اچھے آتے ہیں، اگرخیالات بُرے ہوں تو خواب بھی بُرے آتے ہیں، اسی طرح اچھی صحبت اوراچھے دوست مرتے وقت کام آتے ہیں ،ہوسکتاہے وہ اس کے سامنے کردیے جائیں اوراس کا خاتمہ اچھا ہوجائے،اگربندے کی دوستی شرابیوں جواریوں،گالیاں بکنے والوں اوربُرے لوگوں سے ہوں گی تو مرتے وقت بُراخاتمہ ہونے کا خوف بڑھ جاتاہے، دوستی اچھے اورنیک لوگوں سے کرنی چاہئے۔

سوال: اِس ہفتے کارِسالہ ”امیرِ اہلِ سنّت سے جِنّات کے بارے میں سوال جواب “ پڑھنے یاسُننے والوں کوجانشینِ امیرِاہلِ ِسُنّت مدظلہ العالی نے کیا دُعا دی ؟

جواب: ياربّ المصطفےٰ !جو کو ئی 17 صفحات کا رسالہ ” امیرِاہلِ سنّت سے جِنّات کے بارے میں سوال جواب“پڑھ یا سن لے اُسے ہر طرح کی آفات وبلیات اور شریر جِنّات کے شر سے محفوظ فرما ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم النَّبیّن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ۔