17 اگست 2023ء کو بروز جمعرات دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضان مدینہ کاہنہ نو لاہور میں عظیم الشان ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں نگران پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری، اراکین شوریٰ حاجی یعفور رضا عطاری حاجی منصور عطاری  اور حاجی محمد اسلم عطاری سمیت ہزاروں عاشقانِ رسول، ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے ”امر بالمعروف و نہی عن المنکر“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں ہمارے معاشرے، ہماری فیملی، ہمارےرشتہ داروں میں ہونے والی برائیوں کو ختم کرنے کی کوشش کرناہے اور ان میں نیکی کی دعوت کو عام کرنا ہے۔ آپ نے مزید فرمایا کہ برائیوں کو دیکھ کر اس پر تبصرہ کرنے سے بہتر ہے کہ اس کی روک تھام کے لئے کوششیں کریں اور ہمیں اس بات کو ذہن میں رکھنا چاہیئے کہ ہمارے سامنے ہونے والی برائیوں سے ہمیں کچھ فرق نہیں پڑتا بلکہ معاشرے کی برائیوں کا اثر ہر ہر فرد پر پڑھتا ہے۔شرکا کو ترغیب دلاتے ہوئے نگران شوریٰ نے کہا کہ معاشرے کی سُدھار اور اپنی اصلاح کے لئے دعوتِ اسلامی کے مدنی قافلوں میں سفر کریں، ہفتہ وار اجتماع اور مدنی مذاکروں میں شرکت کرنے کے ساتھ ساتھ نیک لوگوں کی صحبت اختیار کریں۔

ذکر اللہ اور ذکرو اذکار کے بعد رقت انگیز دعائیں کی گئیں اور صلوۃ و سلام پر اجتماع کا اختتام ہوا ۔ آخرمیں نگران شوریٰ سے عاشقان رسول نے ملاقات بھی کی۔